لاہور، 16 مئی (اے پی پی): آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں لاہور میں یوم تشکر منایا گیا۔ آپریشن میں پاکستان نے بھارت کے خلاف بڑی فتح حاصل کی اور جنگ کے میدان میں بھارت کو دھول چٹائی۔ آپریشن بنیان مرصوص کی بڑی کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کے تحت ٹاؤن ہال میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیا نے پرچم کشائی کی۔ سی او ایم سی ایل لاہور نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پوری قوم آج یوم ِ تشکر منا رہی ہے، ضلعی انتظامیہ لاہور آج شہر میں یوم تشکر کے موقع پر بھر پور جوش خروش سے حصہ لے رہی ہے۔ تقریب میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ڈی سی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں، عزم فلاح و ترقی پر قائم ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔











