اسلام آباد، 29 مئی (اے پی پی): کیریک انسٹیٹیوٹ، ارومچی، چین کے نالج مینجمنٹ ڈویژن کی چیف، شِن لی نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ کیریک انسٹیٹیوٹ کی پانچویں سالانہ تحقیقاتی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہےاوریہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں ہماری فزیکل کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا موضوع “کیریک ممالک کے درمیان روابط، تجارت اور تجارتی سہولیات کو فروغ دینا” ہے، جو کیریک انسٹیٹیوٹ کی تحقیق اور سرگرمیوں کا بنیادی مرکز ہے۔
شِن لی نے کہاکہ “تجارت اور باہمی تعلقات کا فروغ ہمارے ادارے کے کلیدی تحقیقی شعبے ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اس بار ہمیں نہ صرف علاقائی بلکہ قومی شراکت دار اداروں، خصوصاً یونیورسٹی آف سرگودھا کی بھرپور معاونت حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے ذریعے کیریک ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا اور مشترکہ تحقیق و ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔











