لاہور، 11 مئی (اے پی پی): آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔
بھارت کے خلاف کامیابی پر جیت کا جشن منانے کیلئے لاہور میں معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد نصراللہ کی رہائش گاہ پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
دعائیہ تقریب میں سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی اور پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
اس موقع پر کارکنان میں مٹھائیوں کی تقسیم اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب راشد اقبال نصر اللہ ںے یوم تشکر پر قوم اور قیادت کو مبارکباد دی اور کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف وہ قیادت موجود تھی جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف، وزیراعظم شہباز شریف، تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی راہنمائی سے پاکستان کو فتح ہوئی۔ راشد اقبال نصر اللہ نے کہا کہ جنرل ساحرشمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، ائیر چیف ظہیربابر اور بحریہ کے چیف ایڈمرل نوید اشرف کو خاص طور پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو فتح ہوئی، یہ اللہ کا کرم، عوام کے اتحاد کی وجہ سے ہوا، یہی ہماری اصل طاقت ہے۔ معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کے عزم وہمت اور دلیری نے دشمن کی جارحیت کے پرخچے اڑا دئیے۔ افواج پاکستان کے بہادروں نے اپنی قابلیت، جذبے، پیشہ وارانہ مہارت سے روایتی جنگ میں بھی بالا دستی کا لوہا منوایا۔ دنیا کو بتا دیا پاکستان آزاد خودمختار ملک ہے، اپنی آزادی، وقار اور سالمیت پر حملہ برداشث نہیں کرے گا۔ راشد اقبال نصر اللہ نے کہا کہ قیادت ، عوام، میڈیا سب نے اپنے اپنے محاذ پر تاریخی کردار ادا کیا، پاکستانی قوم خوف کی جنگ بھارت کے حملے سے پہلے ہی جیت چکی تھی۔ انھوں نے کہا کہ زمہ دار ملک کے طور پر ہم حق پر کھڑے تھے، اس لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیں سرخرو کیا، فوجی، سفارتی اور اخلاقی سب محاذوں پر فتح ہوئی۔