بھکر، 28 مئی (اے پی پی):آج ملک بھر میں یوم تکبیر پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں اس لیے اہمیت کا حامل ہے کہ آج سے 27 سال قبل 28 مئی 1998 کو پاکستان عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں جوہری طاقت بن کر ابھرا، جس نے وطن ِعزیز کے دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے یوم تکبیر کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کا کہنا تھا کہ28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی کے پہاڑوں میں کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کے ایٹمی تجربات کا منہ توڑ جواب دیا۔ان دھماکوں کے بعد چاغی کے پہاڑوں سے بلند ہونے والا “اللہ اکبر” کا نعرہ پوری دنیا میں گونج اٹھا، جس نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ اس تاریخی کامیابی نے نہ صرف ملکی سرحدوں کو محفوظ بنایا بلکہ دشمن کے تکبر کو بھی خاک میں ملا دیا ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی قوم اس عظیم دن کو ملی یکجہتی اورجوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاکستان کےجوہر سائنسدان ،مسلح افواج اور اس وقت کی سیاسی قیادت کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آج ملک بھر میں ریلیاں،جلسےاورجلوس نکالےجارہے ہیں۔تعلیمی اداروں میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل کو اس عظیم دن کی اہمیت اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا سکے۔ ان تقریبات میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔یوم تکبیر ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح پاکستان نے اپنے دفاع کو مضبوط بنایا اور علاقائی و عالمی سطح پر ایک اہم مقام حاصل کیا۔