دفاع وطن  کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، وطن کے لئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، سینئر ایکس سروس مین کی پریس کانفرنس

32

اسلام آباد ، 6 مئی (اے پی پی ): میجر جنرل (ر)  جاوید اسلم طاہر نے کہا  ہے کہ ہم ملک کے دفاع کے لیے تیارہیں۔ بھارت کو کسی بھی مہم کا منہ توڑ جواب دیں گے  جبکہ دفاع وطن کے لئے قربانی سے دریغ نہیں  کریں گے۔

‎ سینئر ایکس سروس مین کی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 20 لاکھ ریٹائرڈ فوجیوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم  آرمی چیف کی ایک آواز پر ہم لبیک کہیں گے ۔ ہم آج جو کچھ بھی ہیں، پاکستان کی وجہ سے ہیں۔

نیوز کانفرنس سے خطاب میں ایئر وائس مارشل (ر)   فہیم ارشد نے   پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ بہت مضبوط ہے ۔ ہماری فضائی صلاحیت اور مہارت  کو دنیا مانتی ہے۔ہم نے دنیا کی ہر جدید فوج کے ساتھ جنگی مشقیں کی ہیں ۔جب بھی ہماری ضرورت پڑی تو بلا تاخیر پہنچیں گے۔

‎میجر جنرل (ر) خالد جعفری نے کہا کہ ہم پوری دنیا کی بہترین آرمی ہیں، ہمارے لوگ بین الاقوامی مقابلے بھی جیتے  ہوئے ہیں۔ اس وقت بھی ہم کسی بھی قسم کا ٹاسک پورا کر سکتے ہیں، ہم پوری طرح تیار ہیں جبکہ ہماری پریزنٹیشن  دنیا میں سب سے زیادہ ہے ۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کا بھارت کو ہمیشہ بہانہ مل جاتا ہے جبکہ پہلگام فالس فلیگ منصوبہ دنیا کے سامنے ناکام ہو گیا – انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

‎ بریگیڈیئر (ر)  سردار محمد زرین  خان  نے کہا کہ ہم بھارت کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں،  کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ ختم ہونا چائیے۔ ہم جہاد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہم میں جہاد کا جزبہ ابھی بھی موجود ہے- انکا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خوداردیت دینا چائیے۔

‎میجر (ر) محمد جمیل  نےکہا  کہ قوم کا ہر فرد دفاع وطن کے لیے تیار ہے۔

‎میجر(ر) وسیم محمود نے کہا کہ پاکستان ایک نظریے پر قائم  ہونے والا ملک ہے- ہماری ترجیح مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہے، اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہی ہے۔ انہوں نے  مزید کہا کہ پاک فوج کو ٹیکنالوجی میں ہر طرح سے برتری حاصل ہے ۔