ساجدہ فاروق تارڑ کی قیادت میں حلقہ این اے 127 میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد،عوام کی بھرپور شرکت

38

لاہور06  مئی (اے پی پی):  پاکستان مسلم لیگ (ن)حلقہ این اے 127 کے مرکزی دفتر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کی۔ اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد، پارٹی کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور علاقہ کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر “پاک فوج زندہ باد”، “قوم کا فخر – ہماری فوج”جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پہلگام کا واقعہ ایک گہری اور مذموم سازش کا شاخسانہ تھا جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا، لیکن قوم دشمن کی ان چالوں سے بخوبی آگاہ ہے اور کسی بھی پراپیگنڈے میں آنے والی نہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی اور قوم ہر محاذ پر اپنی فوج کا ساتھ دے گی۔یہ ریلی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ قوم کا ہر فرد اپنی فوج سے والہانہ محبت رکھتا ہے اور کسی بھی قیمت پر افواج پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ریلی پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور آخر میں ملکی سلامتی، ترقی اور افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔