ریسکیو1122ملتان کے زیراہتمام انٹرنیشنل فائرفائٹرڈے کے موقع پر آگاہی واک، فلیگ مارچ اور سیمینارکا انعقاد

2

ملتان،04مئی (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ملتان نے انٹرنیشنل فائرفائٹرڈے کے موقع پر آگاہی واک  فلیگ مارچ اور سیمینار کاانعقاد کیا جس کا مقصد فائرفائٹرزکوخراج تحسین پیش کرنا اوران کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عوام الناس کو فائرسیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ کسی بھی آگ لگنے کے واقعے کے دوران کمیونٹی کو ان کے اہم کردارسے متعلق آگاہی فراہم کی جاسکے اورفائر ایمرجنسی کے واقعات میں کمی ممکن بنائی جاسکے۔

واک کا آغاز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی قیادت  میں چوک کمہاراں والہ سے ہوا جومدنی پارک پر اختتام پذیرہوئی۔واک کے شرکاء نے فائرفائٹرزکی خدمات کے اعتراف بارے اورفائرسیفٹی سے متعلق بینرز اورچارٹ اٹھا رکھے تھے۔ دیگر شرکاء میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال   ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمدارشدخان، فائر ریسکیوز، والنٹیرز، سول سوسائٹی اور ریسکیورز نے بھرپور شرکت کی اور بعد میں فائرفائٹرز زندہ آباد،فائرریسکیوزندہ باد،ہم ہیں ریسکیورکے نعروں کے ساتھ واک کا اختتام ہوا۔

فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر نجی سکول کے طلباء نے ریسکیو سینٹرل اسٹیشن چوک کمہاراں والہ کا دورہ بھی کیا انھیں فائر فائٹنگ میں استعمال ہونے والے آلات کے بارے میں معلومات دی گئیں۔ اور ریسکیو کنٹرول روم کا وزٹ بھی کروایا گیا بچوں نے فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر مختلف آگ بجھانے والے آلات کے پلے کارڈز بھی بنا رکھے تھے اور فائر فائٹرز ڈے کے موقع پر ریسکیو 1122 کے ساتھ واک میں بھی شرکت کی۔

واک کے بعد ‘‘فائرفائٹرزحقیقی ہیروزہیں’’ کے موضوع پرریسیکوہیڈ آفس چوک کمہاراں والہ میں ایک سیمینارمنعقد کیا گیا۔سیمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں  نے کی انہوں نے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ فائرفائٹرز درحقیقت قوم کے حقیقی ہیروزہوتے ہیں کیونکہ فائرفائٹرز نہ صرف انتہائی مشکل کی گھڑی میں لوگوں کی مددکرتے ہیں بلکہ بعض اوقات لوگوں کی مال وجان کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہیں، فائٹرز اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر لوگوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہیں فائر فائٹر ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کی بدولت لوگوں میں احساس تحفظ پیدا ہوتا ہے کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز ملتان کی عوام کی خدمت کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے بلند منزلہ عمارتوں کے مالکان سے ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بنائے گئے فائر سیفٹی کے قوانین پر عمل در آمد پر بھی زور دیا تاکہ بلند بالا عمارتوں کو فائر لگنے کے واقعات سے محفوظ بنایا جاسکے۔