اسلام آباد،12 مئی(اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے،چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ڈی اے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ، نئے پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ سمیت میلوڈی فوڈ اسٹریٹ کی اپ گریڈیشن،فوڈ کوالٹی کا معیار بڑھانے، فوڈ اتھارٹی کا سی ڈی اے کے متعلقہ شعبہ اور ایم سی آئی کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
میلوڈی میں پارکنگ کیلئے وسیع ایریا مختص کرنے کے علاوہ خوبصورت لائٹس لگانے کی ہدایت کی گئی جبکہ بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ کے قیام، بہترین لینڈ سکیپنگ،خوبصورت لائٹس لگانے کے علاوہ، پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرنے کے علاوہ بلیو ایریا فوڈ اسٹریٹ کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں شہر کے تمام بڑے مراکز میں ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے ٹریفک پلان بنانے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔شہر میں گاڑیوں کے بازار کیلئے مناسب جگہوں کا انتخاب کرنے کے علاوہ ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل پر بروقت قابو پانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اجلاس میں گندھارا ہئیرٹیج کلب کی اپ گریڈیشن پر بریفننگ اور باقی ماندہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے علاوہ شہر کے تمام پارکوں، مارگلہ روڈ اور دیگر سڑکوں پر خراب لائٹس کی جگہ نئی لائٹس لگانے کی ہدایت بھی کی گئی۔











