صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات

43

اسلام آباد، 10 مئی ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیر اعظم نے صدر مملکت کو بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے آپریشن  “بنیان مرصوص”  کی صورت میں بھارت کو دیئے جانے والے موثر جواب  کے بارے  میں آگاہ کیا-

صدر مملکت نے بھارتی بلا اشتعال جارحیت اور میزائل حملوں کا منہ توڑ جواب دینے پر ملک کی مسلح افواج کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور امن پسند قوم کی حیثیت سے بھارتی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں کافی تحمل کا مظاہرہ کیا –

صدر نے کہا کہ افسوس کہ بھارتی جارحیت کی وجہ سے پاکستان کے پاس اپنی خودمختاری کے دفاع ، اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا  جبکہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے ، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں اپنی مسلح افواج کی بھرپور حمایت کرتی ہے-صدر مملکت نے کہا پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا-