ملکی  ایمرجنسی صورت حال کے حوالے سے تیاریوں کے جائزہ کے لئے اجلاس منعقد

46

اسلام آباد،10 مئی (اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام  آباد  اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ملکی  ایمرجنسی صورت حال اور اس حوالے سے تیاریوں کے جائزہ کے لئے اہم اجلاس  منعقد ہوا-چیئرمین سی ڈی اے و ڈی جی سول ڈیفنس نے موجودہ ملکی حالات میں تمام صوبوں کے مابین رابطہ اور کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے اور رضاکاروں کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی-

اجلاس میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے سول ڈیفنس اور متعلقہ افسران نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی بھرپور تیاریاں کے حوالے سے بریفننگ دی ۔

 اجلاس کو  بریفننگ  میں بتایا گیا کہ اسلام آباد اور صوبائی دارلحکومتوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرمیں کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں اور فوکل پرسنز بھی نامزد کردئیے گئے ہیں-موجودہ حالات کے پیش نظر نجی و سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بیڈز اور وارڈ مختص کردئیے -بریفننگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سول ڈیفنس اور دیگر  صوبائی اداروں  نےرضاکاروں کو انخلاء، آگ بجھانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت دی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی معاونت سے سیف سٹی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہیں اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کو یقینی بنایا جارہا ہے –

 بریفننگ  میں بتایا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مساجد میں اعلانات کے انتظامات بھی مکمل ہیں –  بریفننگ  میں بتایا گیا کہ تمام صوبوں اور دیگر مقامات پر بلڈ ڈونرز کی لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں-محمد علی رندھاوا  نے کہا کہ کنٹرول روم، ہوم ڈیپارٹمنٹ ، ریسکیو،  سمیت دیگر اداروں کے مابین مؤثر کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے -چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کی جان، اور املاک کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ہم سب ایک ٹیم ہیں ۔کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نبرد آزما ہونے اور اس پر مکمل قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔