صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی یو این ڈی پی کے وفد سے اہم ملاقات

11

لاہور،06 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی یو این ڈی پی کے وفد سے اہم ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ بارے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یو این ڈی پی کے وفد میں کامران راجا (نیشنل ٹیکنیکل اسپیشلسٹ) سعدیہ بنگش (پروجیکٹ اینالسٹ) اور مدیحہ فرید (صوبائی انسانی حقوق افسر) شامل تھے ۔ملاقات میں سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور علی بہادر ایڈیشنل سیکرٹری رضوانہ نوید اور یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (YDF) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد رحمت بھی ملاقات میں موجود تھے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے  وفد کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور کہا کہ ایسا پنجاب تشکیل دیں گے، جہاں ہر شہری، بلا امتیاز اور مساوی مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

ضلعی کمیٹیوں کے قیام، اقلیتی مشاورتی کونسل پنجاب کے قیام کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے انسانی حقوق کی تعلیم پر مبنی پروگرامز سمیت متعدد پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔یو این ڈی پی کے وفد نے پنجاب حکومت کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ پنجاب حکومت کی قیادت کو انسانی حقوق اور اقلیتوں کی شمولیت کو ترجیح دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔آج کی ملاقات پائیدار ترقی اور قیامِ امن کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا ۔سعدیہ بنگش نے ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور جامع مکالمے کی اہمیت پر زور دیا ۔رمیش سنگھ اروڑہ نے یو این ڈی پی وفد کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔