صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے علماء کرام کی ملاقات

6

لاہور۔17 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقات کی۔  اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، ڈپٹی سیکرٹری و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ علماء کرام میں ڈاکٹر ہشام الٰہی ظہیر، حافظ اسد عبید، عمران علی، عزیز الرحمن، حافظ حسین احمد، عبد الشکور حقانی، قاری محمد رفیق، قاری اعجاز احمد، عبد الوحید روپڑی، مولانا مجیب الرحمٰن انقلابی، مفتی محمد عتیق الرحمن، حافظ نعمان حامد جالندھری، حافظ بابر فاروقی اور حافظ نصیر احمد سمیت دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کی بھارت کے خلاف کردار پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کیلئے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنا رہے ہیں۔   پاکستان کی سالمیت کی خاطر تمام مکاتب فکر یکجان ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علماء کرام نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ تمام مکاتب فکر ریاست کے اہم سٹیک ہولڈرز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔