لاہور، 7 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر محکمہ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے مریدکے کا دورہ کیا اور بھارت کے بزدلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شہری کی عیادت کی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور، ڈی سی شیخوپورہ، اے ڈی سی جی، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے اور ڈی ایچ او شیخوپورہ اور ایم ایس ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے ریسکیو ٹیموں کے عملہ سے بھی ملاقات کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صورتحال کا جائزہ لینے مریدکے پہنچا ہوں۔ انھوں نے زخمیوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ آپ فکر نہ کریں آپ کا بدلہ لیا جائے گا، صوبائی وزیر نے کہا کہ ہسپتال میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر چکے ہیں، صوبہ بھر کے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف زخمیوں کے علاج و معالجہ کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ رات کی تاریکی میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے، بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کی شرمناک خلاف ورزی کی ہے، حکومت پاکستان اور پاک افواج نے بھارتی بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑجواب دیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، آج قوم کا بچہ بچہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہے، کٹ مریں گے مگر ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک افواج کے جوانوں ں کو سلام ہے۔
صوبائی وزیر نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو جانفشانی سے فرائض کی ادائیگی پر شاباش دی اور کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہمیں اس نازک گھڑی میں اپنے اختلافات بھلا کر اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہے۔