لاہور، 23 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں ایس سی سی ایل او کا 28 واں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی وزراء سید عاشق حسین کرمانی اور بلال اکبر خان نے شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر قانون محمد صہیب احمد بھرتھ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں صوبہ بھر کے امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنانے اور پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس نے مختلف اضلاع میں 07 نئے تھانوں کے قیام کی منظوری دی اور سیالکوٹ میں یکم جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ کمیٹی کی جانب سے خضدار میں معصوم بچوں کی سکول بس پر دہشتگردوں کے بذدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ کمیٹی نے پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کو آٹومیٹڈ ڈی این اے ایکٹریکشن سسٹم کے قیام کیلئے 105 ملین کے فنڈز کی منظوری دی۔
صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے، خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قیام امن کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہا کہ تمام ہوٹلز اور ریسٹ ہاؤسز کی ہوٹل آئی سافٹ ویئر پر رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے، سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر غیر قانونی تنظیموں کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب بھر سے کمشنرز، ڈی سیز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔