ملتان ،26 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرملتان وسیم حامد سندھو نے کہاہے کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے عید الاضحی کے سلسلے میں آپریشن کلین اپ کا آغازکردیاہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شہرکے مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن کامعائنہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں کوڑا کرکٹ کی تلفی کا سلسلہ تیزکردیاگیاہے۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر شہریوں سے ملاقات کی اور صفائی انتظامات بارے دریافت کیا۔سینئر ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق نے صفائی آپریشن پر تفصیلی بریفننگ میں بتایاکہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے کنٹریکٹر کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹاسک دیا گیاہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو مثالی ماحول فراہم کرینگے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے اور شہرکے مختلف علاقوں میں شکایات کیمپ قائم کئے جائیں گے۔