اسلام آباد12 مئی(اے پی پی):پیرکوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025 سینیٹ سے منظورکردہ صورت میں ایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی۔
اجازت ملنے پرانہوں نے بل ایوان میں پیش کیا، بعدازاں ایوان نے بل کی شق وارمنظوری دیدی۔قبل ازیں اعظم نذیرتارڑ نے کہاکہ یہ پرانابل تھا جس کوگزشتہ حکومت نے بھی پاس کیاتھا مگرسینیٹ نے اس کی منظوری نہیں دی تھی، بعدازاں اسمبلیوں کی مدت پوری ہوگئی اوریہ بل زیرالتوارہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بل اقلیتوں کے حوالہ سے اہمیت کاحامل ہے اوراس حوالہ سے عدالت عظمیٰ سے بھی ہدایات جاری ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے تحفظ کیلئے ایک کمیشن کاقیام وقت کی ضرورت ہے،اس حوالہ سے عامر جیوا سمیت اقلیتوں کے اراکین نے تعاون کیاتھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ہم نے ایم این ایز کوبھی بلایاتھا اور مجھے خوشی ہیں کہ اس بل پرسب نے اتفاق کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کمیشن آزادہو گا جس میں صوبوں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔











