لاہور، 28 – مئی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مریم نواز نے چکن کے نرخ بڑھنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو چکن کی پرائس کنٹرول کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے عید الاضحی سے قبل ٹماٹر، پیاز،ادرک، لہسن،مرچ اور لیموں کے نرخ پرنظر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔مریم نوازشریف نے کہا کہ عید الاضحی سے قبل ضروری سبزیوں کے نرخ بڑھنا قطعاً قابل برداشت نہیں۔ ذخیرہ اندوزی کر کے سبزیوں کے نرخ بڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومتی اداروں کی موجودگی کے باوجود چکن کے نرخ بڑھنا قطعی ناقابل قبول ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سبزیوں، دالوں، آٹا اور روٹی کے نرخ پر بریفنگ لی اور آٹے کے نرخ میں کمی آنے پر روٹی کی قیمت کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سبزیوں کی ٹرانسپوٹیشن کے اخراجات کم کرنے کیلئے پلان طلب کیا اور ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو بے موسمی سبزیاں اگانے کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔