معاشرتی بہتری کے لیے سیاسی قیادت، انتظامیہ اور سول سوسائٹی کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا، کمشنر ملتان ڈویژن

24

ملتان 21 مئی (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شہر کے 20 سرکاری اسکولوں کے طلبہ سے براہ راست مکالمہ کرتے ہوئے نہ صرف بچوں کو حکومتی اقدامات سے متعلق مؤثر انداز میں آگاہ کیا بلکہ انہیں ایک ذمہ دار شہری بننے کی ترغیب بھی دی۔

 کمشنر عامر کریم خاں نے گفتگو کے دوران کہا کہ معاشرتی بہتری کے لیے سیاسی قیادت، انتظامیہ اور سول سوسائٹی کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے بڑوں کے ساتھ مل کر اپنے محلے اور علاقے میں تجاوزات کے خلاف شعور اجاگر کریں اور دکانوں کے باہر سامان رکھنے والے دکانداروں کے خلاف سماجی و معاشی بائیکاٹ کریں۔

 والدین کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بچوں کی زندگی کی حفاظت کو مقدم جانیں اور مقررہ عمر سے پہلے ہرگز موٹر سائیکل نہ دیں، جبکہ موٹر سائیکل پر اسکول آنے والے طلباء کو ہیلمٹ کے استعمال کو لازمی بنانا چاہیے۔

انہوں نے “ون پلانٹ ون چائلڈ” پروگرام کو صرف شجرکاری کی مہم نہیں بلکہ ماحول دوست نسل کی تربیت قرار دیا اور کہا کہ روایتی شجرکاری سے آج تک گرین کور میں خاطر خواہ اضافہ ممکن نہیں ہو سکا، لہٰذا ایک نئی سوچ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

 کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوڑا کرکٹ گلیوں میں پھینکنے کی بجائے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈسٹ بن میں ڈالنا شہریوں کی ذمہ داری ہے۔

اختتام پر کمشنر عامر کریم خاں نےسرکاری اسکول کے طلباء میں ہیلمٹ بھی تقسیم کیے جبکہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن اور تدریسی عملے کو شاباش دی۔