ملتان ،سنی علماء کونسل کے زیرِ اہتمام پاکستان زندہ باد،بھارت مردہ باد ریلی کا انعقاد 

61

ملتان ، 7 مئی (اے پی پی ):سنی علماء کونسل ملتان کے زیرِ اہتمام کچہری چوک سے گھنٹہ گھر تک پاکستان زندہ باد ،بھارت مردہ باد ریلی  کا  انعقاد  ہوا۔ ریلی کی قیادت سنی علماء کونسل کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی،مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق رحمانی، صدر جنوبی پنجاب راؤ جاوید اقبال،صدر ملتان مولانا محمد رفیق،مولانا محمد طیب،مولانا شفیق،حافظ عبدالشکور ربانی،مولانا ظفر اقبال،راؤ خلیل نے کی جبکہ ریلی کے موقع پر بھارت اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے، ریلی کے موقع پر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد،بھارت مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

 اس موقع پر بڑے اجتماع سے  خطاب کرتے ہوئے سنی علماء کونسل کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ بھارت نے ملکی سلامتی کے خلاف ذرہ برابر بھی مذموم حرکت کی تو سنی علماء کونسل پاک فوج کے شانہ بشانہ اینٹ کا جواب پتھر سے دے گی ۔انہوں نے  کہا کہ ہم بھارت کو  1965 کی جنگ سے زیادہ سخت جواب دیں گے۔ بھارتی حکومت نے پہلگام کا خود ساختہ واقعہ بنا کر جھوٹا بیانیہ پاکستان پر تھوپنے کی کوشش کی جسے خود بھارتی فوج نے مسترد کر دیا سکھ اور ہندوؤں نے مودی کو جھوٹا قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ  ہم  پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اپنا تن من دھن قربان کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔

 صدر جنوبی پنجاب راؤ جاوید اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں نے بیش بہا قربانیاں دیں اور ملکی سلامتی کے لیے 80 ہزار سے زائد شہید ہوئے بھارتی حکومت نے جھوٹا بیانیہ بنا کر وطن عزیز پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش کی لیکن بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ پاکستان کی 26 کروڑ سے زائد عوام ملک و قوم کی سلامتی کے لیے عملی طور پر بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

 مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالخالق رحمانی نے کہا کہ کراچی سے لے کر کشمیر تک سنی علماء کونسل پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ صدر ملتان، ملک محمد رفیق نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے ہماری جانیں بھی قربان ہیں۔ اس لیے بھارتی حکمران کسی غلط فہمی میں نہ رہیں ۔