ملتان آرٹس کونسل چوک پر سٹیٹ آف دی آرٹ صوفی مجسمہ نصب کر دیا گیا

8

ملتان، 29 مئی (اے پی پی):ملتان آرٹس کونسل چوک پر ایم ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے سٹیٹ آف دی آرٹ صوفی مجسمہ نصب کر دیا گیا۔ مجسمے کی تزئین وآرائش اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے دورہ کیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا وسیم نے بریفنگ میں  بتایا کہ مجسمے کی تعمیر میں استعمال ہونے والا مٹیریل بیرون ملک سے منگوایا گیا ہے،18 من وزنی مجسمہ کو بنانے کے بعد آرٹس کونسل چوک پر نصب کیا گیا ہے،مجسمے کو انتہائی مضبوط بنیادوں پر کھڑا کیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ ایم ڈی اے رانا وسیم نے بتایا کہ بہت جلد چوک کے چاروں اطراف میں سبزہ اور خوبصورت پودے لگائے جائیں گے اور فینسی لائٹیں بھی لگائی جائیں گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان شہر صدیوں سے تہذیب ، روایات اور روحانیت کا مرکز رہا ہے،آج بھی اپنی منفرد ثقافت اور تاریخی ورثہ اس کی پہچان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ثقافتی مونومنٹ کا مقصد نہ صرف ملتان کی قدیم روایات کو برقرار رکھنا ہے بلکہ نوجوان نسل کو اس ورثے سے روشناس کرانا ہے۔