لاہور 16 مئی (اے پی پی): وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز مصطفی کمال کی زیر صدارت نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد جعلی ادویات کا اجلاس منعقد ہوا ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ تمام صوبوں کے وزراء صحت، ڈرگ کنٹرولر و دیگر افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے اجلاس کو حکومت پنجاب کے جعلی ادویات کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت پنجاب جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری ادویات کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے، وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت نے صحت عامہ کے اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے اہم، ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حکومت نے ادویات کی سپلائی چین کو ریگولیٹ کرنے اور موثر مانیٹرنگ کے لیے ایک مضبوط فریم ورک قائم کیا ہے، ڈرگ ایکٹ 1976 میں ترامیم، ڈی ٹی ایل کی تنظیم نو اور اپ گریڈیشن پنجاب حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کے عکاس ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ صوبائی سطح پر قائم ملٹی ایجنسی ٹاسک فورس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی بھرپور نمائندگی یقینی بنائی گئی، صوبائی اسمبلی کے اراکین، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ صحت کے سیکرٹریز، محکمہ پولیس اور سپیشل برانچ کے سینئر اہلکار، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے، چیف ڈرگس کنٹرولر، صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ (PQCB) کے سیکرٹری اس ٹاسک فورس کا حصہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ اس ٹاسک فورس کے تحت پنجاب میں جعلی فارماسیوٹیکل سپلائی چین کے خلاف ایک جامع کریک ڈاؤن عمل میں لایا گیا۔ حکومت پنجاب کی اس مربوط کوشش کے نتیجے میں جعلی ادویات کی تقسیم میں ملوث متعدد نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی ڈرگ مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے سمیت ڈرگ ایکٹ کے نفاذ کی کوششوں کو مربوط اور مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف جنگ میں ادویات کی جانچ اور تجزیہ اہم اجزاء ہیں۔ حکومت پنجاب نے ڈرگ ٹیسٹنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اربوں روپے کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے، پنجاب میں پانچوں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز (DTLs) نے اب عالمی ادارہ صحت (WHO) سے پری کوالیفکیشن کا درجہ حاصل کر لیا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے فیلڈ افسران کو محفوظ ڈیٹا بیس تک رسائی فراہم کرنے کی تجویز دی ۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بہترین اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کو جعلی ادویات سے پاک کر کے دم لیں گے۔











