دوشبنے۔29مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے،دوشنبے ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ، تاجک نائب وزیر خارجہ شر یف زادہ فرخ حمدین، پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ دو دورہ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمان سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں وزیراعظم تاجک صدر سے پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کریں گے اور جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اس دورے میں گلیشیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس میں وزیراعظم شرکاء کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشیرز کے تحفظ کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔