کوئٹہ۔ 02 مئی( اے پی پی )صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر اساتذہ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے، معزز اساتذہ کے ساتھ ملکر ان کے مسائل حل کرینگے۔صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں معماروں کے روشن مستقبل کو سنوارنے کے لیے تعلیمی اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے جس میں اساتذہ کرام کی تجاویز وسفارشات کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کوصوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور بلوچستان پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقدوس کاکڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے درخواست پر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے امتحانات کا اپنا بائیکاٹ ختم کردیا ہے،صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ اساتذہ نے حکومت سے مذاکرات کے بعد طلبا اور طالبات کے مستقبل کی وسیع تر مفاد کے تحت احتجاج ختم کیا جو قابل ستائش عمل ہے۔
اس موقع پر پروفیسر اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقدوس کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے جانب سے قائم کمیٹی نے ہمارے تحفظات دور کردیے، گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی،صوبائی حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی تعلیم کے شعبے اور بورڈ آفس کوئٹہ میں نئی متعارف کرا رہے ہیں، ان حالات میں وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراءکی درخواست پر اساتذہ نے اپنا احتجاج ختم کردیا ہے انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے نئی اصلاحات کے لیے اساتذہ کرام سے 6 ماہ تک کی مہلت مانگی ہے ہمیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ کی محکمہ تعلیم میں اصلاحات کی بدولت بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔