وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا‘‘اپنی زمین، اپنا گھر’’ ای پورٹل کا افتتاح

5

لاہور،03 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں بے گھر افراد کو 3 مرلہ کے پلاٹ مفت دینے کیلئے ‘‘اپنی زمین، اپنا گھر’’ منصوبہ کے ای پورٹل کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بٹن دبا کے ‘اپنی زمین اپنا گھر’ ای- پورٹل کا باقاعدہ آغاز کیا۔ عوام ای پورٹل azag.punjab.gov.pk پر مفت پلاٹ کے لیے اپلائی کر سکیں گے، پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیموں میں 2 ہزار پلاٹ دیے جائیں گے، ‘اپنی زمین اپنا گھر’ اسکیم کے تحت بے گھر شہریوں کو 3 مرلے کے پلاٹ مفت دیے جائیں گے۔ اپنی زمین اپنا گھر کے تحت قرعہ اندازی میں پلاٹ حاصل کرنے والے افراد قرض بھی حاصل کرسکیں گے، اس اسکیم کے پہلے مرحلے میں جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد میں مفت پلاٹ دیے جائیں گے۔ منصوبے کی لانچنگ کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ‘اپنی چھت، اپنا گھر’ پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے،بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی قائد محمد نواز شریف کا ویژن ہے محمد نوازشریف لوگوں کے گھر کی تکمیل کا سن کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ کی قلیل مدت میں تقریباً 34 ہزار گھر بن رہے ہیں،2 ہزار مکمل بھی ہوچکے ہیں،یہ 34 ہزار گھر نہیں بلکہ دعائیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام کے تحت مکان بنانے والے افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس  منصوبے کے لیے آسان ترین قسط اور 3 ماہ کا گریس پریڈ مقرر کیا گیا ہے، قرضوں کی واپسی بھی شروع ہوچکی ہے۔ پنجاب بھر میں بہت سے لوگوں کے پاس گھر بنانے کے لیے نہ زمین ہے نہ پیسے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 2000 لوگوں کو مفت پلاٹ دیے جائیں گے، آج تک جتنی بھی حکومتیں رہیں اپنے دور میں کئی دہائیوں تک 34 ہزار گھر بھی نہیں بناسکیں۔ اپنے گھر سے تحفظ کا احساس ملتا ہے، کہنا آسان ہے مگر عام آدمی کے لیے گھر کا حصول بہت مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک سے 10 مرلہ تک پلاٹ مالکان قرض کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ‘اپنی زمین، اپنا گھر’ پراجیکٹ کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر کے تحت 33500 افراد کو گھر بنانے کے لیے 36 ارب قرض جاری کیا جارہا ہے، پنجاب بھر کے عوام اس پروگرام پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔