لاہور۔ 15 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت مینارٹی کارڈز اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مینارٹی کارڈز کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر 75 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وژن ہے کہ مذہبی اقلیتوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں اقلیتوں کی فلاح شامل ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اب تک 40 ہزار سے زائد اقلیتی خاندان مینارٹی کارڈز سے مستفید ہو چکے ہیں ۔
صوبائی وزیر کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 50 ہزار خاندانوں کو کارڈز فراہم کیے جارہے ہیں ۔جلد ہی مینارٹی کارڈز کی دوسری قسط جاری کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے مذہبی اقلیتوں کے ڈیٹے کے لیے ڈیجیٹل ایپ بنانے کی ہدایت دی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو پانچ روز میں کارڈز کی تقسیم مکمل کرنے کی تلقین کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاپرواہی برتنے والوں کے کارڈز منسوخ کر دیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ کمشنرز کو زیر التوا کیسز فوری نمٹانے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں سیکرٹری انسانی حقوق رائے علی بہادر قاضی نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری رضوانہ نوید اور مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔











