وزیرداخلہ محسن نقوی کا رینجرز ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ، شہداء کو خراج عقیدت

15

اسلام آباد،16 مئی(اے پی پی ):  یومِ تشکر کے موقع پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پاکستان رینجرز (پنجاب) ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل محمد عاطف بن اکرم نے کیا۔

وزیرداخلہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے بلند حوصلے کو سراہا اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ “شہداء کے خاندانوں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، اور پوری قوم ان کے خاندانوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔”

وفاقی وزیر داخلہ نے رینجرز پنجاب کے افسران و جوانوں کی جرات، دلیری اور پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

دورے کے اختتام پر محسن نقوی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔