پاکستان کا پہلا گرین سکوک بانڈ جاری، معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

16

اسلام آباد،16 مئی (اے پی پی):  وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں پاکستان کے پہلے گرین سکوک بانڈز کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے ملک کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی نفسیاتی حدیں بحال ہونے پر سرمایہ کاروں اور متعلقہ حلقوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کا ملکی معیشت پر اعتماد خوش آئند ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ یومِ تشکر پورے جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور گرین سکوک بانڈز کے اجرا سے ماحول دوست منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترسیلاتِ زر میں اضافے کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی ترقی کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے، جو پالیسیوں کے درست سمت میں ہونے کا ثبوت ہے۔