لاہور۔ 22 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نظام صحت کی بہتری کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہو ر کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔ حکومت پنجاب لاہور اور سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں ایشیاء کا سب سے بڑا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فریش گریجویٹس، پوسٹ گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ فارغ التحصیل بچوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے جدید علم اور بہترین مہارت حاصل کی ہے۔ کامیاب ہونے والے سٹوڈنٹس پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی انتہائی پروفیشنل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پوسٹ گریجوایٹس کی سیٹوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ خدمت انسانیت کرنے والے ڈاکٹرز کا اللہ تعالیٰ کے نزدیک بڑا مقام ہے۔کانووکیشن کے آغاز میں حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
کانووکیشن میں کل 302 طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ طلباء و طالبات میں 288 انڈرگریجویٹ طالبات اور 14پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات شامل تھے۔ڈاکٹر رباب پرویز نے سیشن 2018-2023 کی بیسٹ گریجویٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
کانووکیشن میں رکن قومی اسمبلی عامر گوپال، پرنسپل پاک فضائیہ کالج میجر جنرل ریٹائرڈ سلمان علی، پروفیسر سردار الفرید ظفر، پروفیسر عائشہ شوکت، پروفیسر اصضر نقی، ڈاکٹر رباب پرویز ، ڈاکٹر رائحہ یاسر ، ڈاکٹر علیزہ عمر ، ڈاکٹر کائنات بتول ، ڈاکٹر عنیقہ وقار ، ڈاکٹر نور مریم ، ڈاکٹر سیدہ علینہ زہرہ ، ڈاکٹرازکٰی اظہاراور ڈاکٹر مریم فاطمہ کو بہترین کارگردگی پر گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق اور پروفیسر محمود ایازکو اعزازی شیلڈز بھی پیش کیں۔