لاہور۔ 15 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 95 واں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران پی ایچ آئی ایم سی کے مختلف ایجنڈے پیش کئے گئے۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 94 ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق نے اس حوالہ سے تفصیلی بریفننگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں تاریخی اور بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت ابھی تک 3900 سے زائد معصوم بچوں کی ہارٹ سرجریز کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد ڈائیلسز کر چکے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بچوں کی ہارٹ سرجری پنجاب کے 6 سرکاری جبکہ 11 نجی ہسپتالوں میں کی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت مریضوں کو کڈنی/ رینل، لیور، بون میرو، کورنیئل اور کوکلیئر ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت رینل ٹرانسپلانٹ کیلئے 14 نجی جبکہ 4 سرکاری، لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے 2 بجی جبکہ 2 سرکاری، بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 2 جبکہ کوکلیئر ٹرانسپلانٹ کیلئے 5 ہسپتالوں کو منتخب کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کے تینوں منفرد پروگرامز کے تحت ابھی تک مریضوں کو اربوں روپوں کے مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تینوں تاریخی پروگرامز میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تینوں پروگرامز میں شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب نے تینوں پروگرامز کو علاج کا خرچہ برداشت نہ کرنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے ہی خصوصی طور پر شروع کئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کا ہر منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کودر پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق ہیلتھ انشورنس ماڈل میں بھی بہتری لارہے ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او پی ایچ آئی ایم سی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈاکٹر زاہد پرویز، پروین آغا، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی سے نوشین فیاض، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس بلال احمد و دیگر نے شرکت کی۔











