ملتان 02 مئی(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شہر اولیاءکی تاریخی حیثیت کی بحالی کیلئے میگا پراجیکٹ دیا ہے اس سلسلے میں والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت قلعہ کہنہ،دمدمہ ،قاسم پارک،سٹیڈیم اور اوقاف دفاتر کی اپ گریڈیشن شروع کردی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے والد سٹی اتھارٹی اور ضلعی حکام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری ،ڈی جی ایم ڈی اے چوہدری محمد سلیم سمیت ضلعی حکام بھی شریک ہوئے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2 ارب 78 کروڑ سے زائد کی لاگت سے قلعہ کہنہ اور درباروں کی مکمل تاریخی حیثیت کو اجاگر کیا جائے گا جبکہ سٹیڈیم کے گرد جدید فوڈ کورٹ اور لینڈ سکیپننگ کے ذریعے خوبصورتی بحال کی جائے گی۔کمشنر نے مزید کہا کہ انڈر گراونڈ پاور سسٹم پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ تاریخی پانی کی ٹینکی کو بھی تفریحی پوائنٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔اوقاف دفاتر اور زائرین کیلئے خصوصی جگہ مختص کرکے خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا اسی طرح نگار خانہ اور تاریخی لائبریری کو بھی مکمل اپ گریڈ کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ دمدمہ بلڈنگ پر ٹاپ روف کیفے کو بھی پلان میں شامل کیاگیا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ والڈ سٹی اتھارٹی خالی مقامات پر فوری ڈویلپمنٹ ورک شروع کرے ،اپ گریڈیشن شروع ہوتے ہی پولیس ،ریسکیو،اوقاف اور آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو متبادل مقامات پر شفٹ کیاجائے گا۔عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ والڈ سٹی اتھارٹی قلعہ کہنہ اور ملحقہ پارکوں سمیت تاریخی عمارتوں کو اپ گریڈ کرے گی اس سلسلے میں 4 کروڑ کی لاگت سے قلعہ کہنہ اور سٹیڈیم کے گرد فضیل کو بحال کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لینڈ ایکوزیشن کے حوالے سے اقدامات کا آغاز کررہی ہے جبکہ ضلعی محکموں اور والڈ سٹی اتھارٹی کو مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے ڈویلپمنٹ ورک تیز کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔محمد علی بخاری نے کہا کہ قلعہ کہنہ کو اپ گریڈ کرکے دنیا بھر میں تاریخی حیثیت اجاگر کی جائے گی۔قبل ازیں سنئیر آرکیٹکٹ عظیم داد خان نے قلعہ کہنہ کے میگا پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔