وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انقلابی اقدام،خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کی فراہمی کی شاندار تقریب

19

لاہور ،13 مئی( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افرادِ باہم معذوری میں معاون آلات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، سہیل شوکت بٹ تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئرجاوید اختر محمود، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئرطارق قریشی سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔تقریب میں معذوری سرٹیفکیٹ کے حامل افراد میں وہیل چیئرز، واکرز اور سفید چھڑیاں تقسیم کی گئیں۔ یہ معاون آلات محکمہ کے آن لائن پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد فراہم کیے گئے۔اس منصوبے سے صوبہ بھر کے 7000 جبکہ لاہور کے 500 کے قریب خصوصی افراد مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خصوصی افراد کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ معاون آلات کی فراہمی سماجی تحفظ کی جانب ایک اور عملی قدم ہے۔ سوشل ویلفیئر کے ذریعے عوام کو ہمت کارڈ، دھی رانی اور دیگر فلاحی سہولیات کی فراہمی مریم نواز جیسی وژنری قیادت ہی ممکن بنا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا آج کا پنجاب حقیقی فلاحی ریاست کی تصویر بن چکا ہے۔ خصوصی افراد کے چہروں پر آئی مسکراہٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعلیٰ نے ان کا ہاتھ مضبوطی سے تھام لیا ہے۔

سہیل شوکت بٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خصوصی افراد کی روزمرہ زندگی میں سہولت، سماجی ہم آہنگی اور برابری کے مواقع کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رکھے گا اور ان کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ یہ افراد ہمارے معاشرے کا اہم اور قابلِ فخر حصہ ہیں۔