فیصل آباد،20 مئی(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام سکلڈ پنجاب انیشی ایٹو کے تحت دیہی خواتین کو با اختیار بنانے کے پلان کے تحت صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر اورچیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے اسکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ نے ‘میں ڈیجیٹل”سلوگن کے تحت دیہات کی پوسٹ گریجوایٹ بچیوں کو 26 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور انٹر نیٹ ڈیوائسز تقسیم کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہیں اور اس سلسلے میں پنجاب سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام دیہی خواتین کیلئے گیم چینجرپروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیٹیوں کو گھر بیٹھے آن لائن ذریعہ معاش کا سنہری موقع ملے گا۔ قوم کی بیٹیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بیٹیاں اب ملک کی معاشی جنگ جیت کر دکھائیں اور مریم نواز شریف کا خواب پورا کریں۔ والدین بچیوں کو باعزت طریقہ سے روزگار کے موقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور سپورٹ کریں۔ صرف باتوں سے ویمن ایمپاورمنٹ نہیں آئے گی بلکہ بیٹیوں میں خود اعتمادی سے آئےگی۔وزیر اعلیٰ پنجاب قوم کی بیٹیوں کو بڑھتا،پھولتا،کھیلتا دیکھنا چاہتی ہیں۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ دن رات کی محنت سے پاکستان نے اب ترقی کا سفر شروع کردیا۔بھارت کی گزشتہ دنوں کی بزدلانہ حرکت پر پاک فوج کے بھرپور جواب اور قوم کے جذبہ سے پوری دنیا کو تسلیم کرنا پڑا کہ پاکستانی بحیثیت قوم دنیا میں کسی سے کم نہیں۔مسلح افواج اور حکومت پاکستان نے قوم کو ایک نئی امید دلادی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے تقریب میں ارفع کریم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔قبل ازیں چیئرپرسن وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے اسکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ نے کہا کہ پروگرام کے تحت بچیوں کو آن لائن ارننگ کیلئے 6 ماہ تربیت اوراس دوران ہر دو ماہ بعد 10 ہزار روپے کے حساب سے کل 30 ہزار روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا اورجون تک 1 ہزار بچیوں کو) (13thجنریشن ڈیسک ٹاپس دیئے جائیں گے۔ انہوں نے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز حاصل کرنے والی دیہاتوں سے آئی ہوئی بچیوں سے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بطور چیف ایگزیکٹیو آپ کے لئے موجود ہیں اور آپ کی وزیر اعلیٰ نے ریاست کے وسائل کا رخ آپ کی جانب موڑا ہے اور اس سے پہلے آپ کے بارے میں کسی نے نہیں سوچا۔اس پروگرام کے تحت آپ اپنے خاندان اور ملک کے لئے فخر کا باعث بنیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان 6 ماہ کے دوران آپ کو مینٹور شپ بھی فراہم کی جائے گی۔
تقریب میں اے ڈی سی جی،سی ای او ہیلتھ،پنجاب سکلڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کے افسران، ارفع کریم کے والدین کرنل(ر)امجد و مسز امجد اورکمپیوٹرزحاصل کرنے والی بچیوں کے والدین،سول سوسائٹی اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔











