وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

4

لاہور، 29 مئی (اے پی پی):وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی، پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں چیف منسٹر سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 66 شہروں میں نئے مالی سال سے سکیمیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ماڈل کو سامنے رکھ کر چلیں، سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تکنیکی ماہرین کے سوا اضافی بھرتی نہیں ہوگی، ذیشان رفیق نے کہا کہ محکمہ بلدیات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اشتراک سے میگا پراجیکٹ مکمل کرےگا۔ انھوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو شامل کیا جائے گا، ہر شہر میں کچی گلیوں کی سو فیصد پختہ تعمیر یا مرمت ہوگی اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے ساتھ سیوریج کا جامع نظام لایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ متعلقہ میونسپل اداروں کو پی سی ون کی نقول بھجوا دی گئیں ہیں، ڈپٹی کمشنرز پی سی ون پر تجاویز دے کر جولائی سے ٹینڈرنگ کریں، وزیر بلدیات نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی میں ڈپٹی کمشنرز کو بھی رکن بنایا گیا ہے، پروگرام کے تحت ڈسپوزل سٹیشنوں کو سولرائزڈ بنایا جائے گا اور سیوریج کے مسائل 2050 تک کی آبادی کو سامنے رکھ کر حل کریں گے، ذیشان رفیق نے کہا کہ ماضی میں شہروں میں جزوی سکیمیں مکمل کی گئی تھیں، پہلی بار سینی ٹیشن کا اینڈ ٹو اینڈ سولوشن دیا جائے گا، برساتی پانی کے نکاس کے علاوہ سٹوریج ٹینک بھی بنائیں گے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پارکوں کی بحالی بھی پراجیکٹ میں شامل ہے، وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت دی کہ ٹائم لائن پر عملدرآمد کے ساتھ شفافیت کا لازمی خیال رکھیں۔