لاہور 23 مئی(اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے پی ایچ اے لاہور ہیڈ آفس کا دورہِ کیا ۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈی جی پی ایچ اے عمر شیر چٹھہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ عمر شیر چٹھہ لاہوریوں کے مزاج سے بخوبی واقف ہیں،تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ شہر لاہور کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جا رہا ہے، شہر لاہور کی خوبصورتی بڑھانے اور عوامی سہولت کے پیش نظر شہر میں پارکس کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا یے، وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ شہریوں کے لیے پرکشش اور فیملی فرینڈلی تفریحی مقامات بڑھائیں گے۔
ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ لاہور کے پارکس کی موجودہ صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا، پی ایچ اے لاہور شہر کے ہر کونے کو سرسبز و شاداب بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ پی ایچ اے شہر کی خوبصورتی اور عوامی سہولت کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے غزالی سلیم بٹ نے کہا کہ شہر کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے لاہور کو مزید خوبصورت بنائیں گے۔