لاہور،13مئی(اے پی پی):وطن کے بہادر سپوت حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ ادا، پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔لاہور میں وطن پر قربان ہونے والے پاک فوج کے شہید حوالدار محمد نوید کی نماز جنازہ عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، شہید کے عزیز و اقارب سمیت سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید حوالدار محمد نوید نے دفاع وطن کے دوران جامِ شہادت نوش کر کے بلند رتبہ پایا، قوم اُن کے اس عظیم جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔نماز جنازہ کے موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی، جبکہ شرکاء نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اور ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔











