وفاقی محتسب ملتان کے اسسٹنٹ رجسٹرار محمود خان مہے کا دورہ مظفرگڑھ، 50 سے زائد عوامی شکایات نمٹا دیں

6

ملتان  30 مئی(اے پی پی): وفاقی محتسب کے اسسٹنٹ رجسٹرار محمود خان مہے نے میپکو کمپلیکس مظفرگڑھ کا دورہ کیا اور ایکسین میپکو کے دفتر میں وفاقی اداروں کی بدانتظامی کے خلاف عوام الناس کی شکایات کی سماعت کی۔ انہوں نے موقع پر ہی تحریری شکایات موصول کرتے ہوئے 50 سے زائد شکایات کو نمٹا دیا، جس پر شکایت کنندہ کو  مختلف بلوں کی مد میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقوم واپس کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ایکسین میپکو مظفرگڑھ تفسیر عباس اور ایس ڈی او خان گڑھ ملک اللہ بچایا کو موقع پر ہی 08 سے زائد بجلی کے کنکشنوں کی فوری بحالی کے احکامات صادر کیے۔ جس پر معززین علاقہ نے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے ان فوری اقدام کو سراہا ہے محمود خان مہے کا کہنا تھا کہ  عوامی مسائل کو قوائد و ضوابط کے مطابق حل کروانا وفاقی محتسب کی ذمہ داری ہے، جو بلا معاوضہ اور بلا تاخیر جاری رہے گی۔