وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا عید الاضحیٰ کے موقع پر ایکسپریس وے پر قائم بکرا منڈی کا دورہ

24

اسلام آباد،30 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر  ایکسپریس وے پر قائم  بکرا منڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے  پارکنگ کے لئے ایریا مختص کرنے کا حکم دیا۔ وزیر  داخلہ محسن نقوی کی فی جانور فیس میں مناسب کمی کی  بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بکرا منڈی میں بیوپاریوں اور شہریوں کے لئے فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور  صفائی کے انتظامات کا معائنہ بھی کیا۔

 انہوں نے مویشی منڈی میں انتظامات کا مشاہدہ کیا اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے بیوپاریوں سے  ملاقاتیں کیں اور انتظامات کے متعلق دریافت کیا۔بیوپاریوں کے استفسار پر وزیر داخلہ نے مویشی منڈی کیلئے جگہ وسیع کرنے کا فوری حکم دیا،مویشی منڈی میں  لائٹنگ اور پانی کی وافر فراہمی کی  ہدایت بھی دی۔وزیر داخلہ نے منڈی میں ایک سفید بیل میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا، بیوپاری  کا کہنا تھا کہ اس بیل کی ڈیمانڈ 18 لاکھ اور وزن 14 من سے اوپر ہے۔

وزیر داخلہ نے منڈی میں آئے شہریوں سے بھی ملاقات کی۔شہریوں کی درخواست پر وزیر داخلہ نے منڈی سے ملحقہ کراسنگ پل کی فوری مرمت کا  بھی حکم دیا۔