ساہیوال ،12 مئی ( اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیرزادہ سید عمران احمد شاہ نے پاکستان بیت المال آفس ساہیوال کا دورہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل آفس لاہور منصور الحسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر افضل اور آفس اسسٹنٹ نصر اللہ خان نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہا۔ وفاقی وزیرپیر سید عمران احمد شاہ نے محکمہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری کے لیے ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرزمیں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ بیت المال لاکھوں مریضوں کو مہلک بیماریوں کے علاج، بچوں کو تعلیمی وظائف اور خواتین کو ہنر مند بنانے کے لئے کام کررہا ہے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ملازمین کے بھی مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دھانی کروائی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر افضل نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ بیت المال ساہیوال کے زیر انتظام دو دستکاری سنٹرز کام کررہے ہیں جہاں 120 بچیوں کو سلائی کڑھائی اور 40 بچیوں کو کمپیوٹر کا ہنر سکھایا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ساہیوال میں محکمہ بیت المال کے زیر اہتمام 2 سکول بھی کام کر رہے ہیں جہاں 240 بچے زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں غریب اور مستحق مریضوں کو علاج معالجے کے لئے ایک کروڑ 66 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔اس کے علاوہ 5 پیدائشی گونگے بہرے بچوں کو cochlear امپلانٹ کی سرجری کروائی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران کالجز اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم 131 طلبہ و طالبات میں 31 لاکھ سے زائد کے تعلیمی وظائف تقسیم کئے گئے۔ اسی طرح 98 معذور افراد کی 8 لاکھ 50 ہزار سے مالی امداد بھی کی گئی۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیرزادو سید عمران احمد شاہ نے محکمہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مسائل کے حل کے لئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔











