اسلام آباد، 19مئی (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مانسہرہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے جس مہارت اور جذبے کے ساتھ دشمن کی جارحیت کو چند گھنٹوں میں پسپا کر کے اسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، اس پر پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہم کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کرنا جانتے ہیں، جو حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران دنیا نے دیکھ لیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشیدہ حالات میں پوری قوم نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا، متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا اور فتح حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، معیشت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں اور ان شاء اللہ ہم معاشی جنگ بھی جیتیں گے۔
تقریب میں ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے چیمبرز آف کامرس کے عہدیداروں اور باڈی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











