وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیرِ صدارت چینی کے ذخائر سے متعلق اہم اجلاس

14

اسلام آباد، 26 مئی ( اےپی پی): وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے چینی کے ذخائر کے جائزے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور وزارت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ گنے کی پیداوار اور پیداواریت کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک متفقہ نظامِ اعداد و شمار (ڈیٹا کلیکشن سسٹم) اور متفقہ نظامِ نگرانی (مانیٹرنگ سسٹم) قائم کیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت ملک بھر میں گنے کی پیداوار، کاشت اور دستیابی سے متعلق درست اور بروقت معلومات حاصل کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنے اور چینی کے شعبے میں شفافیت اور پالیسی سازی کو مؤثر بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی فیصلے ناگزیر ہیں۔ درآمد و برآمد سے متعلق تمام فیصلے مستقبل میں اسی  ڈیٹا کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس نظام کو جلد از جلد حتمی شکل دیں اور باہمی مشاورت سے ایک ایسا میکانزم وضع کریں جو شفافیت، یکسانیت اور جواب دہی کو یقینی بنائے۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق زرعی شعبے میں ڈیجیٹل اصلاحات اور مستند معلومات کی بنیاد پر فیصلہ سازی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے-