وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کا گردوارہ پنجہ صاحب کا دورہ، سکھ برادری کا افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، “پاکستان زندہ باد” کے نعرے

11

لاہور، 23 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن، روادار اور انسان دوست ملک ہے جہاں مذہب، رنگ یا نسل کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا۔ پاکستان عملی طور پر بین المذاہب ہم آہنگی کا مظہر ہے اور یہاں اقلیتوں کو نہ صرف مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے بلکہ ان کے مقدس مقامات کی حفاظت اور تزئین بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کے دورے کے دوران مقامی سکھ سنگت کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔

اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر محمد ساجد چوہان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی زون تنویر حسین، اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر یاسر اصغر مونگا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سردار محمد یوسف نے بھارت کی جانب سے گولڈن ٹیمپل پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کو جتنی عزت، حفاظت اور احترام حاصل ہے، وہ دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ گوردواروں سمیت تمام اقلیتی ورثے سے جڑی عبادت گاہوں کی بحالی اور تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور دیگر متعلقہ ادارے ملک میں آنے والے سکھ یاتریوں کی خدمت اور سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش ہیں۔ کرتارپور راہداری اس عملی عزم کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ جون میں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں بھرپور خوش آمدید کہا جائے گا، اور ان تقریبات کے لیے اعلیٰ سطح کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ وساکھی میلہ کے موقع پر 6,751 سکھ یاتریوں کو وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر فوری ویزے جاری کیے گئے، جو بین المذاہب احترام اور پاکستان کی روایتی مہمان نوازی کی ایک اور مثال ہے۔ اس موقع پر سکھ برادری نے افواج پاکستان کے حالیہ انسدادِ دہشت گردی آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے گردوارہ پنجہ صاحب کے احاطے میں “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ سکھ رہنماؤں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی اقلیتیں خود کو محفوظ، معزز اور پاکستانی قوم کا ایک لازمی حصہ سمجھتی ہیں۔