لاہور ،08 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا و دیگر افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر اور ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر محمد وسیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے پے ڈی ایم اے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خواجہ سلمان رفیق کو دریاؤں میں پانی کی تازہ صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت کی پر زور مذمت کی گئی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے ہر طرح کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتال، سول ڈیفنس و دیگر اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت دی کہ ضلعی ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ 24 گھنٹے موجود اور الرٹ رہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دے کر ایک بار پھر قوم کا سر فخر سے بلند کیا یے۔ افواج پاکستان اور غیور عوام دشمن سے مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ پاکستان ایئر فورس کی پیشہ وارانہ مہارت نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب دریاؤں کی صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کر رہا ہے۔