پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے دشمن کو چاروں شانے چت کیا۔ساجدہ فاروق تارڑ

20

لاہور 17 مئی ( اے پی پی ) برائیٹ انٹرنیشنل کالج اینڈ آلائیڈ ہیلتھ سائنس نرسنگ کالج فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ نرسنگ ڈے اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا کہ مکار دشمن نے رات کے اندھیرے میں وار کیا آپریشن سندور کا جھوٹا پروپیگینڈا دنیا بھر میں کیا جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص آپریشن لانچ کیا اور دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے جھوٹے اور زہریلے پراپیگنڈے کے جواب میں عطاء اللہ تارڑ اور ان کی ٹیم نے بھرپور محنت کی اور قوم کی دعاؤں سے بھارت کا ہر محاذ پر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بہترین حکمت عملی سے دشمن کو چاروں شانے چت کیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا یہی وجہ ہے کہ لوگ خود دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آئے اور جیت کا جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔تقریب میں پاکستان کی جیت کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا جبکہ بھارت کے جھوٹے بیانیہ کو شکست دینے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ کی تاج پوشی بھی کی گئی ۔