پاکستان نے دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے، 90 ہزار جانوں کی قربانی دی، پہلگام واقعہ کی مذمت کی  ہے، سردار ایاز صادق

31

اسلام آباد،05مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے،90 ہزار جانوں کی قربانی دی،پہلگام واقعہ کی ہم نے مذمت کی ہےاس واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کے لئے بارہا  پیشکش کی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے زیر صدارت بروزپیر  قومی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا  ہےکہ ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں پہلگام واقعہ کے حوالے سے بات ہوئی اور اس کی مذمت کی گئی اور اس واقعہ کو بنیاد بناکر بھارت کی طرف سے پاکستان کے پانی کی بندش اور حملہ کے حوالے سے باتوں پر افسوس کا اظہار کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ یہ واقعہ کیسے ہوا۔سینیٹ کے ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ایک متفقہ قرارداد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستا ن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90  ہزار جانوں کی قربانی دی ہے ، پاکستان سے زیادہ کون جانتا ہے کہ دہشت گردی کا نقصان کتنا ہوتا ہے،پہلگام واقعہ پر پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی بارہا پیشکش کی ہے،اس معاملہ پر پوری قوم ایک جان ہے۔