کوئٹہ،19 مئی (اے پی پی):وفاقی محتسب اعلی بلوچستان ریجن محمد سرور بروہی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عمل درآمد 96 فیصد ہے، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کرنے سے بہت سے مسائل کے حل میں مدد ملی ہے، عوام کے 188محکموں اور 244اٹیچ ڈیپارٹمنٹس سے متعلق شکایات کاازالہ کیاجاتاہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری میں وفاقی محتسب کی کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے عہدیداران حاجی ولی محمد نورزئی، ملک ندیم کاڈی، کمشنر آئی آر ڈی سرور جاوید، نہا امین و دیگر بھی موجود تھے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ وفاقی محتسب کوئٹہ ریجن میں 2024 میں 13 ہزار کیسز حل کئے گئے عوام کے اعتماد سے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی محتسب نے بلا جواز بجلی کے بلز پر شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے متاثرین کو انصاف فراہم کیا ہے، ملنگ ہوٹل ایک خیراتی ادارہ ہے لیکن کیسکو کی جانب سے ان کے ٹیرف کمرشل وصول کیا جا رہا ہے ۔وفاقی محتسب نے شکایت سنی اور انہیں 29 لاکھ روپے کا ریلیف دلایا۔ وفاقی محتسب نے بغیر عذر کے سائنس و ٹیکنالوجی سے فارغ کئے گئے 28 ملازمین کو ان کی تنخواہوں و مراعات کے ساتھ بحال کرایا ہے۔ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عمل درآمد 96 فیصد ہے، بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں کھلی کچہریاں منعقد کرنے سے بہت سے مسائل کے حل میں مدد ملی ہے، محمد سرور بروہی نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ وفاقی محتسب میں کسی بھی کیس کیلئے نہ وکیل کی ضرورت ہے نہ ہی فیس کی، کسی بھی کیس کا 45 دن میں ازالہ کیا جاتا ہے 188 محکموں و 244 اٹیچ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا وفاقی محتسب سے متعلق آگاہی پھیلائیں تاکہ زیادہ سے لوگ آئیں۔ کسی کی شکایت ازالہ کئے بغیر واپس نہیں کیا لیکن بشرطیکہ وہ ہمارے دائرہ اختیار میں آتا ہوں۔