لاہور،09 مئی(اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل فہدل شیخ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو تعلیم، سیاحت اور تجارت کے شعبے میں بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اعزازی قونصل جنرل فلپائن نے کہا کہ فلپائن خطے میں امن کا خواہشمند ہےاور چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کریں۔ اعزازی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو سٹوڈنٹس ایکسچیج پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان سٹوڈنٹس ایکسچیج پروگرام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان تعلیم، تجارت اور سیاحت کے شعبے میں تعلقات کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور فلپائن کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص ٹیکسٹائل، فارماسوٹیکل سیکٹر میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں میں اضافہ ہونا چاہیئے۔
فہدل الشیخ نے کہا کہ گورنر سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان سے دو طلبہ کسی بھی شعبے میں فلپائن میں جا کر مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ فہدل الشیخ نے کہا کہ گورنر سکالرشپ پروگرام کے تحت فلپائن سے دو طلبا پاکستان کے تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ فلپائن کے اعزازی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو جون میں فلپائن کی یوم آزادی پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔ فہدل الشیخ نے پاکستان اور فلپائن کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو تجارت ، تعلیم اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔