گورنر پنجاب کا ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کا دورہ،صنعت و حرفت کی ترقی ملکی استحکام کے لئے ناگزیر ہے،سردار سلیم حیدر خان

3

لاہور، 04مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شیخوپورہ میں ٹریکٹر بنانے والی کمپنی کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ موجود حکومت برقی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صنعت و حرفت کی ترقی ملکی استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔ نوجوان نسل جدید ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں اپنا لوہا منوارہی ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب اور محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔انھوں  نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت امن وامان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔ انھوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک ڈرامے کے سوا کچھ نہیں، پاکستان بھارت کی ہر مہم جوئی کا جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت پہلگام حملے کا ٹھوس ثبوت دے۔عالمی برادری پہلگام واقعہ کا نوٹس لے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سرحدوں پر پہرا دینے والے فوجی جوان اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار نڈر شخصیت کے مالک ہیں۔