ہماری معیشت بہتر ہو رہی ہے، ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے: مجتبیٰ شجاع الرحمٰن

7

لاہور، 22 مئی (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج شاد باغ میں آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی انڈیا نے جھوٹے الزامات لگا کر  رات کی تاریکی کو ڈھال بنا کر پاکستان پر حملہ کیا۔ آبادی ، رقبے، اور وسائل میں زیادہ ہونے کے باوجود ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ معرکہ صفر چھ کی برتری سے جیتا ہے۔ یہ پاک فوج کا جذبہ ایمانی تھا جس نے دشمن کے آپریشن سندور کو بنیان المرصوص سے شکست دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے اپنی لیڈر شپ پر اور اپنی عوام پر جنھوں نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ اپنے فوجی جوانوں کا ساتھ دیکر ان کے حوصلے بلند کیے ہیں۔  انھوں نے کہا کہ دشمن کی عیاری کا جواب اپنی بہترین حکمت عملی سے دیا۔ ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اپنے جوانوں کو اور اپنے شہدا کو ۔ ہم وہ قوم ہیں جنھیں یہ فخر حاصل ہے کہ وہ کفار کے مقابل آ کر مر کر بھی نہیں مرتی۔

مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ میدان جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے ہمیشہ ژندہ رہتے ہیں ۔ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی ثبوت ہے کہ اج ہماری سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ۔ آج سے کئی سال پہلے میاں محمد نواز شریف نے عالمی دباؤ کی پرواہ کیے بغیر پاکستان کو ایٹمی طاقت منوایا اور آج وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سابق وزیر اعظم کے اسی ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ہماری معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ ادارے مضبوط ہو رہے ہیں اور مہنگائی میں کمی آ رہی ہے اس سے ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ پاک فوج کی بہترین حکمت عملی اور شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور معرکے کے دوران شہید ہونے والے سویلینز اور فوجی جوانوں  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔  تقریب میں شاد باغ کالج کی طالبات ، فیکلٹی ممبرز اور مقامی معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ طالبات نے افواج پاکستان کی عقیدت میں  تقریریں اور ملی نغمے پیش کیے ۔

 وزیر خزانہ نے مختلف پرفارمسزز میں حصہ لینے والی طالبات  کے جوش و جذبہ کو سراہتے ہوئے کیش انعامات کا اعلان کیا اور کالج میں عدم موجود سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ زندہ قومیں اسی طرح سے اپنے قومی دن منا کر اپنی شناخت قائم رکھتی ہیں ۔ انھیں نے آئندہ سال بھی 10 مئی کو کامیابی اور تشکر کے دن کے طور پر منانے کے عزم کا اظہار کیا۔