فیصل آباد 16 مئی (اے پی پی):ڈویژنل انتظامیہ کی زیر سرپرستی ضلعی انتظامیہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جس میں کمشنر نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج کی تاریخی فتح پرآج یوم تشکر منایا جا رہا ہے۔ شہدانے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ہمارا مستقبل محفوط بنایا،یوم تشکر کے موقع پر پوری قوم اپنی پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اس موقع پر آر پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ شہداکی فیملیز کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاک فوج کی بہادری اور جرات نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیاہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے یوم تشکر مناتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد و یک جہتی سے روائتی دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔پوری دنیا پاک فوج کی بہادری اور جرات کی معترف ہے۔
یوم تشکر کی تقریب میں کمشنر مریم خان،آر پی او ذیشان اصغر،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے ضلع کونسل میں پرچم کشائی کی جس میں ایم پی اے فقیر حسین ڈوگر،سابق ایم این اے میاں عبدالمنان،سابق ایم پی ایز نجمہ افضل، اجمل آصف،سرکاری افسران،سول سوسائٹی کی شخصیات،سکولوں کے طلبہ اورمیڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد کمشنر مریم خان،آرپی او ذیشان اصغر،ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر کی قیادت میں ضلع کونسل تا کلاک ٹاور واک کی گئی جس میں شرکانے پاکستانی پرچم اٹھاکر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان زندہ بادپاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔











