یوم تشکر – معرکہ حق:وطن پر جان نچھاور کرنے والے دو بھائیوں، سپاہی ارشد خان شہید اور حوالدار محمد زاہد شہید کے لواحقین کا اظہار خیال

25

اسلام آباد،16مئی(اے پی پی):وطن پر جان نچھاور کرنے والے دو بھائیوں، سپاہی ارشد خان شہید اور حوالدار محمد زاہد  شہید  کے والدین کا حوصلہ نہ صرف بلند بلکہ انکی شہادت پر فخر بھی ہے۔

سپاہی ارشد خان شہید، جن کا تعلق ضلع ملاکنڈ سے ہے نے 2017 میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) میں شمولیت اختیار کی ۔17 نومبر 2024 کو باغ میدان میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دیتے ہوئے فتنہ الخوارج کے سامنے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔شہید نے نہ صرف بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا بلکہ انکے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے خود وطن پر جان نچھاور کی ۔

شہید کے والدین عزم و حوصلے کی عظیم مثال ہیں جنھوں نے تین مہینے سے بھی قلیل عرصے میں اپنے دو شہید بچوں کے جسد خاکی سبز ہلالی پرچم میں لپٹے گلے لگائے ۔شہید ارشد خان ضلع خیبر جبکہ شہید محمد زاہد نے ضلع مہمند میں جام شہادت نوش کیا ۔

 شہیدوں کی والدہ کے بقول”میرے دونوں بچے اس دھرتی اور وطن کی دفاع میں شہید ہوئے میں انکی شہادت پر فخر محسوس کرتی ہوں۔میرے بچوں کی شہادت کے صدقے اللہ ہماری منزل آسان کرے۔ میرے دونوں بچے نیک صالح اور خدمت کرنے والے تھے” ۔

والدہ شہید سپاہی ارشد خان اور شہید حوالدار محمد زاہد کا کہنا ہے کہ”دونوں بچوں کی شہادت قلیل عرصے میں ہوئی ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صبر عطا فرمائے” ۔

شہید  سپاہی ارشد خان اور شہید حوالدار محمد زاہد کے والد کا کہنا ہے کہ “جوان بچوں کی شہادت پر فخر ہے ۔ اللہ نے مجھے دو شہید بچے دئیے۔ سب کی خواہش ہوتی ہے کہ شہادت کی موت نصیب ہو لیکن صرف خوش نصیبوں کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے۔”

 شہید  سپاہی ارشد خان اور شہید حوالدار محمد زاہد کے بھائی کا کہنا ہے کہ ۔”میرے بچوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،دشمن یہ نہ سوچے کہ ہم حوصلہ ہار گئے ہیں ۔ ہم کبھی بھی دشمن کو انکے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے” ۔